عمان:مسجد میں فائرنگ، 4پاکستانیوں سمیت 6جاں بحق

عمان:مسجد میں فائرنگ، 4پاکستانیوں سمیت 6جاں بحق

مسقط،اسلام آباد(دنیا نیوز ، مانیٹرنگ ڈیسک) عمان کے دارالحکومت مسقط کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 4پاکستانیوں سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے ،جبکہ عمانی پولیس کی کارروائی میں 3دہشتگرد بھی مارے گئے ،حملے کے وقت مجلس عزا ہورہی تھی جس میں700 سے زائد افراد موجود تھے ، جن میں زیادہ تر پاکستانی کمیونٹی کے افراد تھے ۔

 جاں بحق افراد میں ایک بھارتی اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ زہرا بلوچ نے تصدیق کی کہ جاں بحق ہونے والوں میں 4پاکستانی بھی شامل ہیں، بعد ازاں پاکستانی سفارتخانے سے سوشل میڈیا پر جاں بحق پاکستانیوں کی شناخت بھی ظاہر کردی جس کے مطابق ان میں غلام عباس، حسن عباس، سید قیصر عباس اور سلیمان نواز شامل ہیں،دوسری جانب عمان میں پاکستانی سفیر عمران علی نے خلیجی میڈیا سے گفتگو میں کہا مسجد پر فائرنگ کے واقعے میں 50 پاکستانی زخمی ہوئے جن میں سے 20 زخمی 3 ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں ۔عمان میں سفارت خانے کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں پاکستان کے سفیر عمران علی کو پاکستانیوں کی عیادت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ عمران علی نے ویڈیو پیغام میں کہا ہنگامی صورتحال میں وادی الکبیر کی طرف نہ جائیں کیونکہ اس علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے ،اگر کسی کا رشتہ دار زخمی ہے تو براہ مہربانی صبر سے کام لیں، جن زخمیوں سے ملا ہوں وہ بہتر حالت میں ہیں،ادھر امریکی سفارتخانے نے فائرنگ کے واقعہ کے بعد سکیورٹی الرٹ جاری کرکے منگل کو ہونے والی تمام اپائنمنٹ منسوخ کردیں، امریکی سفارتخانے نے ایکس اکائونٹ پر لکھا،امریکی شہریوں کو محتاط رہنا چاہیے ، مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کیا جائے ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے 4پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا پاکستانی سفارتخانہ زخمیوں کی ہر قسم کی معاونت یقینی بنائے گا،جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی جسد خا کی پاکستان پہنچانے کے انتظامات کرے گا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عمان میں پاکستان کے سفیر عمران علی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور کہاعمانی حکام اور مسقط میں پاکستا نی کمیونٹی کے ساتھ رابطے میں رہیں ، شہید ہونے والوں کے جسد خاکی جلد وطن واپس لانے کا بندوبست کریں ، زیر علاج زخمیوں کی فلاح بہبود کا خیال رکھا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں