چوتھے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ،چکن،دالوں سمیت 19اشیا مہنگی ،8سستی

چوتھے ہفتے بھی مہنگائی  میں  اضافہ،چکن،دالوں سمیت 19اشیا مہنگی ،8سستی

اسلام آباد(دنیا نیوز )نئے مالی سال کے دوران مسلسل چوتھے ہفتے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا، ہفتہ وار مہنگائی 0.17فیصد مزید بڑھ گئی۔

 ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 20.09 فیصد ریکارڈ ہوئی، ایک ہفتے میں  19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 8 اشیا سستی اور 24 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ چکن 4.80 فیصد، لہسن 2.01 ،دال چنا 1.87 اور انڈے 1.71 فیصد مہنگے ہوئے ، حالیہ ہفتے بیف 0.93 ،گڑ 0.89 فیصد ، دال مونگ 0.84 اور تازہ دودھ کی قیمت 0.45 فیصد بڑھ گئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جلانے والی لکڑی 0.23 اور سگریٹس کی قیمت میں 0.12 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر،ایل پی جی کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں