بجلی چوروں کیلئے الگ تھانے ،نیا عدالتی نظام،خرچہ صارفین دینگے
اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) بجلی چوری کی روک تھام کے لیے مہم، وفاقی حکومت کی نئی منطق سامنے آگئی۔پاور ڈویژن نے لا ڈویژن کے ساتھ اینٹی تھیفٹ ڈرافٹ شیئر کر دیا ۔
نئی قانون سازی کے تحت بجلی چوروں کو پکڑنے کے لیے الگ سے تھانے اور نیا عدالتی نظام متعارف کرایا جائے گا۔محکمہ ریلوے کے طرز پر پولیس سٹیشن، خصوصی عدالتیں اور پراسیکیوٹر ہوں گے ۔بجلی چور کوپکڑنے کا خرچہ بھی صارفین ادا کریں گے ، نئے نظام پر سالانہ 10 ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ بجلی چوروں کے خلاف اٹھنے والے اخراجات تقسیم کار کمپنیاں ادا کریں گی ،پہلے مرحلے میں نئے تھانوں اور عدالتوں کے لیے 10ارب40کروڑ روپے وفاقی حکومت خرچ کرے گی۔ 8 ہزار 769 تھانے قائم کیے جائیں گے ۔بجلی چوروں کے لیے 497 عدالتیں قائم کی جائے گی جبکہ ملک بھر میں بجلی چوروں کے لیے 634 افراد کا عدالتی عملہ ہوگا۔ مہم کے پہلے فیز میں لاہور، ڈی جی خان ،حیدرآباد اور لاڑکانہ ،بنوں، پشاور ، مردان اور کوئٹہ کو بھی پہلے مرحلے میں مکمل کیا جائے گا ،دوسرے مرحلے میں باقی 29 ڈویژن کو مکمل کیا جائے گا۔