اسلام آباد میں جلسہ کرینگے، روک سکتے ہو تو روک لو: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، صوابی میں پی ٹی آئی کا جلسہ
صوابی(نیوز ایجنسیاں، دنیا نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جلسہ کرینگے، روک سکتے ہو تو روک لو،عمران خان اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑا رہا اور آج بھی ڈٹ کر کھڑا ہے، ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ان چوروں، ڈاکوؤں سے اپنی قوم کو حقیقی آزادی دلائیں گے۔
صوابی میں تحریک انصاف کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے بچوں کے مستقبل کی جنگ لڑرہا ہے۔ عمران خان نے ہمیں پرامن رہنے کا کہا ہے، ہم اگست کے آخری ہفتے یا ستمبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں جلسہ کریں گے، اگر انتظامیہ نے اجازت نہ دی تو پھر جلسہ ڈی چوک میں ہوگا، ہمیں کسی کا باپ بھی روک نہیں سکتا۔ خون کے آخری قطرے تک عمران خان کے لیے لڑیں گے ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے دور میں بجلی کا یونٹ 16 روپے میں مل رہا تھا آج 70 روپے کا ہوگیا ہے ، اس کے علاوہ ہمارے دور میں پٹرول 145 روپے تھا۔اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)فوج اور تحریک انصاف میں دراڑ ڈال رہی ہے ، ہم نے مسلم لیگ(ن )کی اس سازش کو ناکام بنانا ہے ۔عمر ایوب نے کہا کہ شہباز شریف نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی کی کال آئے گی سب نے لبیک کہنا ہے ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ دوریاں ختم ہوں، بہت جلد بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہوں گے ، ہم ملک میں آزاد عدلیہ چاہتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، ڈٹے رہیں گے ۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا بانی چیئرمین کا جیل میں ایک سال ہو گیا ، ہم جنگ نہیں چاہتے ، ملک میں دو قانون نہیں چل سکتے ، یہی رویہ رہا تو قوم تصادم کی طرف جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ فائدہ اٹھانے والے پی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ سے لڑانا چاہتے ہیں، آرٹیکل 6 لگانا ہے تو چوروں پر لگائو ، بانی پی ٹی آئی جلد جیل سے باہر آجائیں گے ۔اسد قیصر نے کہا کہ یہ جلسہ تاریخ بھی ہے اور انقلاب بھی ہے ، ہم اس ملک کو آئین کے مطابق چلائیں گے ، پاکستان میں تمام شہریوں کے حقوق یکساں ہیں۔ خیبرپختونخوا کی ہماری حکومت کو ناکام بنانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے ، اس موقع پر تقریر کے دوران اسد قیصر کی طبعیت خراب ہو گئی۔اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی میرا یار ہے ، جیل سے نکلے گا تو تعصب کی سیاست نہیں کرے گا، شہبازشریف کی حکومت ملک کوڈبو دے گی،اس کاراستہ روکناہوگا۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ عمران خان کی یہ بات درست ہے کہ ہمیں حقیقی آزادی چاہیے ،انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خوش قسمت ہیں کہ تمام صوبوں کے عوام ان پر اعتماد کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو پیغام دینا ہے کہ پختونخوا کے عوام آپ کے ساتھ ہیں۔
پاکستان ہمارا ملک ہے اور تا قیامت آباد رہے گا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عمران خان کیساتھ ہم ملک میں اچھی طرز حکمرانی، حقیقی آزادی، ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلانے کا پکا وعدہ کیا ہے ۔محمو د اچکزئی نے کہاکہ ملک کو آئین ، قانون اور انصاف کے تحت چلانے کے لیے عوام کو عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا تمام صوبوں کو ان کے وسائل پر آئینی حق دینا ہو گا ۔حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکمرانوں نے معیشت کو منفی کر دیا، ہمیں دبانے کے لیے جمہوری روایات کو روندا گیا، ہم نے آئین و قانون کے راستے کو نہیں چھوڑا، ستمبر تک عمران خان کو رہا نہ کیا گیا تو اڈیالہ جیل کی طرف لانگ مارچ کریں گے اورمیں خود منظر عام پر آکر پنجاب کے عوام کو لیڈ کروں گا، عوام سن لیں کہ اگر مجھے گرفتار کرکے تشدد کے ذریعے کوئی بیان لیا جاتا ہے تو اس پر یقین نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ میرا لیڈر کل بھی عمران خان تھا، آج بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو انصاف دیا جائے ، ایک سال ہوگیا کیا بانی پی ٹی آئی یا ہمارا ورکر ٹوٹا؟ مان لو تم ہار گئے ہو۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک مسائل حل نہیں ہوں گے ، بانی پی ٹی آئی ملنگ ہے جا کر معافی مانگ لو، پریس کانفرنسیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔