شیخ مجیب کا مجسمہ گرا ،بانی پی ٹی آئی نے بیانیہ بدل لیا:عطا تارڑ

 شیخ مجیب کا مجسمہ گرا ،بانی پی ٹی آئی نے بیانیہ بدل لیا:عطا تارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہاہے شیخ مجیب کو ہیرو قرار دینے والے بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی نے ڈھاکا میں ایک مجسمہ گرنے پر بیانیہ بدل لیا۔

بانی پی ٹی آئی نے شیخ مجیب کو ہیرو بنایا، اپنا موازنہ شیخ مجیب سے کیا۔ یو ٹرن لینا بانی پی ٹی آئی کا وتیرہ ہے ۔ یو ٹرن نہ لے تو وہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کہلا ہی نہیں سکتے ۔ آپ کا کوئی دین ایمان ہے ، یوٹرن کی ڈگری ہو تو تمام جامعات کو مشترکہ طور پر بانی پی ٹی آئی کو دے دینی چاہیے ۔ گزشتہ روزپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔بنگلہ دیش کے لوگوں کے عزم کو سراہتے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے آپ کا موازنہ شیخ مجیب کے ساتھ کیا تھا۔پی ٹی آئی رہنماؤں نے ٹیلی ویژن پر آ کر کہا کہ ہمارا لیڈر شیخ مجیب کی طرح ہے ۔ انہوں نے کہا بنگلہ دیش میں جب شیخ مجیب کے مجسمے گرائے گئے تو کہتے ہیں کہ دیکھیں عوام نے کیا کیا۔ان کی جماعت نے یہاں شیخ مجیب کا بیانیہ بنایا ۔تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے شیخ مجیب کو ہیرو قرار دینے کی پوسٹیں لگائی گئیں۔ایک مجسمہ گرنے سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنا بیان بدل لیا۔یہ وہ رجیم تھا جس نے بنگلہ دیش میں تقسیم پیدا کی تھی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی بھی تقسیم پیدا کرنے کے قائل ہیں۔وفاقی وزیر امیرمقام نے بانی پی ٹی آئی کے ‘مشروط معافی ’ کے بیان کو مکاری قرار دے دیا ۔ان کا کہنا ہے جی ایچ کیو سمیت 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر حملوں کاماسٹر مائنڈ آج ثبوت مانگ رہا ہے ،عمران خان 9 مئی کے اقبال جرم کے بعد ثبوت مانگ رہے ہیں،ثبوت تھے تو فوج نے اپنے اندر احتساب کیا، آپ کو کس بات پر معافی دی جائے ؟معافیکا بیان گُڈ ٹو سی یو کی امید پر دیاگیا ۔طلال چودھری نے اپنے بیان میں کہا سانحہ 9 مئی کا اعتراف جرم کرنے والا اب ثبوت مانگ رہا ہے ،خان صاحب ! مشروط معافی مانگنے سے بہتر ہے کہ غیر مشروط معافی مانگ لی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں