امام مسجد نبویؐ کی 7روزہ دور ے پر پاکستان آمد ، صدر سے ملاقات

امام مسجد نبویؐ کی 7روزہ دور ے پر پاکستان آمد ، صدر سے ملاقات

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)مسجد نبویؐ کے امام شیخ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر 7 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

حرمین شریفین کے سوشل میڈیا اکائونٹ پر جاری پیغام کے مطابق مسجد نبویؐ کے امام آج شاہ فیصل مسجد میں نماز جمعہ کی امامت کرائینگے ، پاکستان آمد پر وفاقی وزیر مذہبی امور بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین، سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کا استقبال کیا ، دورے کے دوران وہ وزیراعظم ، سپیکر سے بھی ملاقات کریں گے ، اس کے علاوہ ا ن کی چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات متوقع ہے ، امام مسجد نبویؐ لاہور کا دورہ بھی کریں گے ۔ان کی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات بھی متوقع ہے ، مسجد نبوی کے امام پاکستانی علمائے کرام سے بھی ملاقاتیں کریں گے ،امام مسجد نبویؐ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے صدر زرداری سے ملاقات کی ،صدر مملکت نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان مزید اتحاد و تعاون کی ضرورت ہے ، صدر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔امام مسجد نبویؐ نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ،صدر نے شہزادہ محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت کو سراہا ۔ دریں اثنا امام مسجد نبویؐ پارلیمنٹ ہاؤس بھی گئے جہاں انہوں نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضاگیلانی سے ملاقات کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں