حالات اتنے خراب نہیں،مشکلات ضرور ہیں:مراد شاہ

حالات اتنے خراب نہیں،مشکلات ضرور ہیں:مراد شاہ

کراچی(این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یوم آزادی پر مایوسی پھیلانے والوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مایوسی پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔

یہ قوم پہلے بھی مشکل وقت سے نکل آئی تھی ، اب بھی مشکلات کا مقابلہ کرے گی اور پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر نکلے گی۔ دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرکے ملک کو خوشحالی کی جانب گامزن کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مزار قائد پر حاضری کے بعد بات چیت اور ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ مراد علی شاہ نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ اس وقت ملک میں بحران کی بڑی وجہ وہ عناصر ہیں جو قوم خاص طور پر نوجوانوں میں مایوسیاں پھیلا رہے ہیں۔ مشکلات ضرور ہیں لیکن حالات اتنے خراب نہیں ہیں جتنے بعض عناصر اپنے سیاسی اور ذاتی مفاد کیلئے بتا رہے ہیں۔ نفرتیں اور مایوسی پھیلانے والے کسی اور کا نہیں اس ملک کا نقصان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اصل طاقت کا سرچشمہ ہیں ۔ یہی لوگ اس ملک کو موجودہ مشکل حالات سے بھی نکالیں گے ۔ انہوں نے اس موقع پر پاک فوج اور پولیس کے شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں