قائد آباد میں مقابلہ،5ڈاکو ہلاک ،کانسٹیبل شہید ،ایس ایچ او ،اہلکار زخمی

قائد آباد میں مقابلہ،5ڈاکو ہلاک ،کانسٹیبل شہید ،ایس ایچ  او ،اہلکار  زخمی

قائدآباد،سرگودھا (نمائندہ دنیا ،سٹاف رپورٹر) موضع چوہا کے قریب پولیس کے ساتھ مقابلے میں 5 ڈاکو ہلاک ہوگئے ، کانسٹیبل شہید، ایس ایچ او اور نائب محرر شدید زخمی ہوگئے۔

 تفصیلات کے مطابق پولیس تھا نہ قائد آباد نے نواحی موضع چوہا کی پہاڑیوں میں چھپے اشتہاریوں کو پکڑ نے کے لئے چھاپہ مارا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی ، دونوں اطراف سے چار گھنٹے تک فائرنگ ہوتی رہی ،ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم نے فوری طور پر پورے ضلع سے پولیس نفری طلب کر لی، مقابلہ میں خوشاب، میانو الی اور بھکر میں قتل، ڈکیتی، راہزنی جیسی سنگین وارداتوں میں مطلوب اشتہاری سیف اللہ، اس کا بھائی سجاد، سیف اللہ کا بیٹا اسلم ،نبی بخش اوراحمد حسن ہلاک ہو گئے ، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایس ایچ او رانا فیضان، نائب محرر محمد جمشید اور کانسٹیبل ضیائاختر اعوان شدید زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو قائد آباد لایا گیا جہاں کانسٹیبل ضیائاختراعوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

ڈی پی او خوشاب موقع پر پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی،شہید کے والد کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا سیف اللہ کی گرفتاری 10 سال سے پولیس کے لیے چیلنج بنی ہوئی تھی اس کی جو بھی مخبری کرتا یہ اسے قتل کر دیتا تھا، پولیس نے اپنے بچے یتیم کر کے عوام کے بچوں کو یتیم ہونے سے بچایا ہے ، شہید کانسٹیبل ضیاء اختر نے بہادری اور جرات سے لڑتے ہوئے شہادت پائی ہے اس کی اس قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ا یسے نوجوان پولیس کے ماتھے کا جھومر ہیں، اس موقع پر شہریوں نے پنجاب پولیس زندہ باد کے نعرے لگائے ،شہید کانسٹیبل ضیاء اختر اعوان کو نماز جنازہ کے بعد انکے آبائی علاقہ چوہا میں سپرد خاک کر دیا گیا۔دریں اثنا آر پی او شارق کمال صدیقی نے خوشاب پولیس مقابلہ کی رپورٹ طلب کر لی، ترجمان آر پی او آفس کے مطابق ڈی پی او خوشاب توقیر محمد نعیم بھاری نفری کے ہمراہ علاقے میں موجود ہیں ملزموں کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے ،سیف اﷲ گینگ علاقے میں دہشت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں