یوٹیلیٹی سٹورز:وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت سبسڈی میں اضافہ

 یوٹیلیٹی سٹورز:وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت سبسڈی میں اضافہ

اسلام آباد (اے پی پی)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے جاری مالی سال کے دوران وزیر اعظم ریلیف پیکیج کو نظر ثانی شدہ قیمتوں اور سبسڈی کے ساتھ جاری رکھنے اور وئیرہاؤسز و لاجسٹک کے شعبہ کو صنعت قرار دینے کی منظوری دیدی ۔

وزیراعظم ریلیف پیکیج کے تحت ماہانہ سبسڈی میں اضافہ کردیا گیا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر مستحق خاندان کو ماہانہ 2734 روپے کے بجائے 3650 روپے سبسڈی ملے گی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خاندان کیلئے ماہانہ سبسڈی میں 916 روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔50 ارب وزیراعظم ریلیف پیکیج جبکہ 10 ارب رمضان ریلیف پیکیج پر خرچ ہوں گے ، بی آئی ایس پی کے مستحق خاندانوں کو 5 بنیادی اشیا پر سبسڈی ملے گی، جن میں چینی، گھی، آٹا، چاول اور دالیں شامل ہیں۔ سبسڈی کا اطلاق 30 جون 2024 سے 31 جولائی 2025 تک ہوگا۔ای سی سی کااجلاس گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت فنانس ڈویژن میں ہوا ۔ اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے وئیرہاؤسز اور لاجسٹک کے شعبہ کو صنعت قرار دینے کی درخواست کی منظوری بھی دیدی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں