وزیراعلیٰ سندھ نے ارشدندیم کو 5کروڑ انعام دیدیا

وزیراعلیٰ سندھ نے ارشدندیم کو 5کروڑ انعام دیدیا

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گولڈمیڈلسٹ اولمپیئن ارشد ندیم کو 5کروڑ روپے انعام میں دے دئیے جبکہ ان کے کوچ کیلئے 50لاکھ روپے انعام کا اعلا ن کردیا۔ارشد ندیم گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں مراد علی شاہ کے مہمان بنے ۔

 وزیراعلیٰ نے قومی ہیرو کو 5کروڑ روپے کا چیک،اجرک، ٹوپی اور شیلڈ دی۔وزیراعلیٰ نے ارشدامین کے کوچ کیلئے بھی 50لاکھ روپے کا اعلان کیا اورکہاکہ سندھ حکومت ارشد ندیم کی بھرپور سپورٹ کرتی رہے گی، مراد علی شاہ نے ارشد کو کہاکہ آپ صرف ایک فون کال کریں میں آپ سے بات کروں گا۔وزیربلدیات سعید غنی نے کراچی میں سڑک کا نام ارشد ندیم رکھنے کا اعلان کیا۔ ارشدندیم کو گاڑی بھی دی جائیگی ، شرجیل میمن نے کہاکہ ارشد ندیم آپ کو گاڑی کی رجسٹریشن کیلئے جو نمبر چاہئے وہ دیں گے ۔صوبائی وزیرناصر شاہ نے ارشد ندیم کی والدہ کیلئے گاڑی دینے کااعلان کیا، وزیر کھیل محمد بخش مہر نے اپنی طرف سے ارشد ندیم کو چیک پیش کیا، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ارشد ندیم کے نام پر اکیڈمی قائم کرنے کا اعلان کیا ۔قبل ازیں ارشد ندیم نے گورنر سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری،پھولوں کی چادر چڑھائی،انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے ۔ گورنر سندھ نے ارشد ندیم کی والدہ اور کوچ کیلئے ستارہ امتیاز کی سفارش کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں