سوچا نہیں تھا پی پی پنجاب کے عوام سے تعصب برتے گی:عظمیٰ بخاری

سوچا نہیں تھا پی پی پنجاب کے عوام  سے تعصب برتے گی:عظمیٰ بخاری

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈ سے پنجاب کے لوگوں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا ہے ۔ ظاہر ہے پنجاب میں مریم نواز کی حکومت ہے وہ یہیں کے لوگوں کو ریلیف دے سکتی ہیں۔

اگر سندھ میں مسلم لیگ نون کی حکومت ہوتی تو مریم نواز وہاں کے لوگوں کو بھی یہ ریلیف ضرور دیتیں۔سندھ میں پچھلے 16 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے مریم نواز کی نہیں۔ سندھ کے عوام کو ریلیف دینا پیپلز پارٹی کی ذمہ داری ہے ۔ سوچنے کی بات ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی بی ٹیم کا رول کب سے ادا کرنے لگ گئی؟۔ شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا اس بات کا شرجیل میمن کی لیڈرشپ کو بخوبی علم ہے ۔ براہ کرم تنقید برائے تنقید اور الزام برائے الزام کی سیاست سے نکل آئیں۔ اگر آپ کو خدمت کا موقع ملا ہے تو سندھ کی عوام کی خدمت کریں۔ وزیر اطلاعا ت کا کہنا تھا مریم نواز تو پنجاب کی خدمت کریں گی اس سے انکو کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا سات ماہ سے تحریک انصاف مریم نواز کے ہر عوام دوست اقدام پر تنقید کر رہی ہے ۔ ہم نے سوچا نہیں تھا پیپلز پارٹی بھی پنجاب کے عوام سے اس قدر تعصب کا مظاہرہ کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں