گورنر پنجاب کے احکامات پر عمل نہیں ہورہا :پی پی کے شکوے

گورنر پنجاب کے احکامات پر عمل نہیں ہورہا :پی پی کے شکوے

لاہور (یاسین ملک )مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پاور شیئرنگ کا معاملہ،دونوں جماعتوں کی قائم مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس لاہور میں ہوا۔

اجلاس میں پیپلزپارٹی نے گلے شکوے اور شکایات کے انبار لگا دئیے ،ن لیگ نے فوری معاملات حل کرنے کی بجائے کوآرڈینیشن کمیٹی سے سب کمیٹی بنا دی۔پیپلزپارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ اور ندیم افضل چن نے ن لیگ کے رہنماوں کو کھری کھری سنا دی ،پیپلزپارٹی رہنماؤں راجہ پرویز اشرف اور علی حیدر گیلانی نے افہام و تفہیم کا راستہ اپنایا،پیپلزپارٹی رہنما ندیم افضل چن جو عراق سے ویڈیو لنک کے ذیعے اجلاس میں شریک تھے انہوں نے کہا کہ میں اس وقت عراق میں کربلا میں موجود ہوں میرا امتحان نہ لیا جائے ،میرے ضلع میں میرے کارکنوں کو قتل کیا جا رہا ہے ، میرے حلقے میں امن و امان بہت خراب ہے ۔پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے اجلا س میں کہا پیپلزپارٹی کو پنجاب میں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ، ن لیگ کا سنجیدگی کا عالم یہ ہے کہ اجلاس میں نہ آئی جی کو بلایا گیا نہ چیف سیکرٹری موجود ہے ،اجلاس میں ایک ایڈیشنل آئی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلا کر وقت ضائع کیا گیا۔اگر ہمارے ساتھ یہی سلوک ہونا ہے تو بتا دیں تو ہم پھر پنجاب میں اپوزیشن کر لیتے ہیں ،حسن مرتضیٰ نے کہا ن لیگ کے ہارے ہوئے اراکین کو بھی ترقیاتی فنڈز مل گئے ہیں ہمارے جیتے ہوئے اراکین کو بھی فنڈز نہیں مل رہے ،ہمیں میرٹ بتایا جاتا ہے حکومت خود کونسا میرٹ فالو کر رہی ہے ،ن لیگ کے بندے مارکیٹ کمیٹیوں کے چیئرمین بھی لگ رہے یہ کو ن سا میرٹ ہے ،گورنر پنجاب کے احکامات پربھی عمل نہیں ہو رہا ،پنجاب اسمبلی میں پی پی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے کہا بار بار درخواست کے باوجود پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی سے وزیر اعلیٰ مریم نواز نہیں مل رہی ، مریم اورنگزیب نے کہا مریم نواز اب تک 80 ارکان سے ملاقات کر چکی ہیں ،ہر جمعرات اور جمعہ کو مریم نواز ن لیگ کے ارکان اسمبلی سے ملتی ہیں علی حیدر گیلانی بھی ان ایام میں ملنے آ جائیں ،علی حیدر گیلانی نے کہا ہم ن لیگ کے اتحادی ہیں ن لیگ کے اراکین نہیں ہمیں مریم نواز الگ وقت دے ۔گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے کہا ہمارے کارکنوں کے بالکل کام نہیں ہورہے ،گورنر ہاوس آ کر ہمارے کارکن شکایات کرتے ہیں، رانا ثنا اللہ نے کہا یہ اجلاس میکنزم طے کرنے سے زیادہ شکائت سیل محسوس ہو رہا ہے ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا وفاق میں پیپلزپارٹی کے کام ہو رہے ہیں اب پنجاب میں بھی پیپلزپارٹی کے کام ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں