شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس ، پاکستان کی مودی کو بھی دعوت

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس ، پاکستان کی مودی کو بھی دعوت

اسلام آباد (وقائع نگار)پاکستان کی چیئر مین شپ میں ہونیوالے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے روس،چین ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت ایران، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان اور بیلا روس کے حکومتی سربراہان کو بھی دعوت نامے بھجوا دیئے گئے ہیں۔

 پاکستان اس سال اکتوبر میں شنگھائی تعاون تنظیم کے حکومتی سربراہان کے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ خارجہ کے حکّام کے مطابق اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو پاکستان میں ہوگا ۔وزارتِ خارجہ روسی اور چینی صدور کے علاوہ بھارتی وزیرِ اعظم سمیت تمام ملکوں کے سربراہوں کی اجلاس میں شرکت کی تصدیق کی منتظر ہے ۔پاکستان اس وقت ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی باری باری چیئرمین شپ رکھتا ہے جو ایس سی او کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے ۔ اکتوبر کے اجلاس سے قبل ایک وزارتی اجلاس اور سینئر حکام کی میٹنگوں کے ادوارکا سلسلہ جاری ہے جس میں ایس سی او کے رکن ممالک کے درمیان مالی، اقتصادی، سماجی، ثقافتی اور انسانی تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کے حکومتی سربراہان کے اجلاس میں شرکت کیلئے رکن ممالک کو دعوت نامے بھجوادِئیے گئے ہیں تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ کب تک شرکت کی یقین دہانی کرائی جائے گی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں