طوفانی بارشیں جاری ،سندھ میں سمندری طوفان کے2الرٹ جاری

طوفانی بارشیں جاری ،سندھ میں سمندری  طوفان کے2الرٹ جاری

لاہور،کراچی(نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر، نمائندگان دنیا )ملک میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ،سندھ میں سمندری طوفان(ٹروپیکل سائیکلون) کے 2 الرٹ جاری کئے گئے ہیں۔حادثات میں دو بچے اور دو خواتین جاں بحق ہو گئیں۔

 موسمی خرابی سے لاہور سمیت ملک بھر کے ائیر پورٹس پر فلائٹ اپریشن معطل رہا ۔ اسلام آباد کراچی سے پی آئی اے کی 8 پروازیں منسوخ 35 تاخیر کا شکار رہیں ۔ سندھ ، بلو چستان، پنجاب ،اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے ۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ملتان،ساہیوال،اسلام آباد/راولپنڈی، نوشہرہ، صوابی اور پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے ۔ اوکاڑہ میں شدید بارش کی وجہ سے گھر کی چھت گر گئی، خاتون اور 2 بچے جاں بحق،4 افراد زخمی ہوگئے ۔جاں بحق ہونے والوں میں 2ماہ کا بچہ بھی شامل ہے ۔مظفرگڑھ شہر اور گرد و نواح میں مون سون کی شدید،طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مظفرگڑھ کے مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے کے 5 مختلف واقعات میں ایک خاتون جاں بحق اور 10 سے زائد افرادزخمی ہو گئے ،زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کی ساحلی پٹی پرممکنہ ٹروپیکل سائیکلون (سمندری طوفان)کے 2 الرٹ جاری کر دئے گئے ۔پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہوا کا شدیدکم دباؤ رن آف کچ (انڈیا)کے اوپر موجود ہے جو کراچی کے مشرق ،جنوب مشرق میں 250کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔امکان ہے کہ یہ نظام آہستہ آہستہ مغرب اور جنوب مغرب کی طرف بڑھے گا اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہوا کے اس شدیدکم دباؤ کے سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے جس کے باعث 31 اگست تک وقفے وقفے سے تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع اور کراچی ڈویژن میں شدید آندھی،موسلادھار،شدید طوفانی بارش کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں کو 31 اگست تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے ، جبکہ بلوچستان کے ماہی گیروں کو یکم ستمبر تک گہرے سمندر میں جانے نے منع کیا گیا ہے ۔شہری انتظامیہ نے آج بروز جمعہ کراچی میں تمام سرکاری اور نجی سکولوں کی چھٹی کا فیصلہ کیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں