اختر مینگل کا استعفیٰ وفاق کیلئے برا شگون ہے :سعد رفیق

 اختر مینگل کا استعفیٰ وفاق کیلئے  برا شگون ہے :سعد رفیق

اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سردار اختر مینگل کا قومی اسمبلی سے استعفیٰ وفاق کیلئے برا شگون ہے ۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آئین کے تحت انتخابی جمہوری اور سیاسی عمل  میں حصہ لینے والے مستند بلوچ سیاستدان کا قومی اسمبلی سے استعفیٰ تشویشناک ہے ، اس استعفے کو موخر کیا جائے اور بات کی جائے ۔سعد رفیق نے کہا کہ ان حالات میں ڈاکٹر مالک بلوچ، لشکری رئیسانی، اختر مینگل، عبد الغفور حیدری اور مولانا ہدایت الرحمن جیسے سیاستدانوں کا دم غنیمت سمجھا جانا چاہئے ، ان کی سخت باتیں سنجیدگی سے سنی جائیں اور آئینی انتخابی سیاست کرنیوالوں کا ساتھ حاصل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ یہ جانتے ہوئے بھی کہ انفرادی ملاقاتوں یا میٹنگز کے دوران متعدد بار توجہ دلانے کے باوجود میرے اس موقف پر توجہ نہیں دی گئی اور بعض اوقات ناپسند بھی کیا گیا مجھے یہ کہنے میں شک نہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ محض طاقت کے استعمال، محض مذاکرات یا پسندیدہ سیاسی کھلاڑیوں کے ذریعے حل نہیں ہوگا،دردمندانہ اپیل ہے کہ حکمران اتحاد اور ریاستی ادارے سر جوڑ کر بلوچستان کا پائیدار حل تلاش کریں۔ بلوچستان کا درد ناسور بن رہا ہے ، نفرت کا زہر پھیلتا چلا جا رہا ہے ، اس کا تریاق تلاش کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں