سندھ زیادہ بجٹ ملنے کے باوجود شکوہ کر رہا ،وزارت خزانہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزارت خزانہ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی طرف سے لکھے گئے خط کے جواب میں تمام صوبوں کو جاری کردہ فنڈز کی تفصیلات بھجوادیں۔
جواب میں کہا گیا وزارت خزانہ نے مجموعی طور پر صوبوں کو 9 ارب 97 کروڑ روپے ترقیاتی فنڈز جاری کئے ، سب سے زیادہ 5 ارب 58 کروڑ روپے سندھ کو جاری کئے گئے ۔ خط میں کہا گیا کہ رواں سال سب سے کم ترقیاتی بجٹ خیبرپختونخوا کو صرف 39 کروڑ جاری کیا گیا، بلوچستان کو 3 ارب روپے سے زائد اور پنجاب کو 90 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز د ئیے گئے ، صوبہ سندھ سب سے زیادہ ترقیاتی بجٹ ملنے کے باوجود شکوہ کر رہا ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ وزارت خزانہ کی سندھ کو رواں سال کیلئے ریلیز سٹرٹیجی کے تحت فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے ۔ کم آمدن کے باعث رواں مالی سال پہلی سہ ماہی کے دوران 15 فیصد ترقیاتی فنڈز ریلیز ہوں گے ۔ رواں مالی سال آخری سہ ماہی کے دوران سب سے زیادہ 40 فیصد ترقیاتی فنڈز ریلیز ہوں گے ۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خط کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔ مراد علی شاہ کا خط میں کہنا تھاکہ سندھ میں ترقیاتی سکیموں کی منظوری، فنڈز اجرا اورخرچ کرنے کی اجازت دی جائے ، حیدر آباد اربن انفرا سٹرکچر ڈیویلپمنٹ پیکیج کے تحت 5 ارب روپے جاری کیے جائیں، سندھ میں سکولوں کی تعمیر، بحالی کیلئے 5 ارب روپے کے استعمال کی اجازت دی جائے ، روہڑی سے گڈو بیراج تک سڑک کی بہتری کیلئے وفاقی حکومت 100 فیصد فنڈز فراہم کرے ، ٹنڈوالہ یار تا ٹنڈوآدم سڑک دو رویہ کرنے کیلئے 4 ارب 25 کروڑ روپے وفاقی حکومت فراہم کرے ، مہران ہائی وے پر اضافی کیرج وے تعمیر کیلئے 21 ارب 92 کروڑ روپے فراہم کرے ۔خط کے متن کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیرکیلئے 50 ارب روپے خرچ کرنے کی اجازت دی جائے ۔