دوتہائی اکثریت:نمبرز پورے کرلئے:حکومتی ذرائع کا دعوی:ارکان پارلیمنٹ آج اسلام آباد طلب
اسلام آباد (عدیل وڑائچ) حکومتی ذرائع نے دو تہائی اکثریت کیلئے نمبرز پورے ہونے کا دعویٰ کیا ہے جسکے بعد آج حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کو اسلام آباد طلب کر لیا گیا ہے ۔
حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ مولانا فضل الر حمن کے مشروط گرین سگنل اور کچھ آزاد اراکین کی حمایت کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت کے نمبرز پورے کر لئے گئے ہیں۔ حکومت نے تمام اراکین کو ایجنڈ اشیئر کئے بغیر اسلام آباد طلب کیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت کی قانونی ٹیم آئینی ترمیم کے مسودے پر ابتدائی ہوم ورک مکمل کر چکی ہے ، خواجہ محمد آصف نے بھی دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت کے نمبرز پورے ہو چکے ہیں۔ تمام اراکین کو پارٹی قیادت کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر صورت آج اسلام آباد پہنچیں ۔ بیرون ملک موجود اراکین کو بھی فوری واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی کو ایوان صدر عشا ئیے میں مدعو کر لیا ہے ،ان اراکین کو آئندہ چند روز میں ہونے والی قانون سازی کے معاملے پر اعتماد میں لیا جائیگا۔ حکومتی قانونی ٹیم میں سے ایک ذریعے نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 175 اے اور 179 میں ترمیم پر غور کیا گیا ہے تاہم ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت گزشتہ ہفتے اہم قانون سازی کیلئے پوری کوشش کرتی رہی مگر اسکے پاس نمبرز پورے نہیں تھے جو اب پورے کر لئے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں حکومتی اتحاد کے پاس 212 اراکین ہیں ، جے یو آئی( ف )کے 8ار کان کی حمایت کیساتھ یہ نمبر 220 پر پہنچ گیا ہے ، 4 آزاد ار کان کی جانب سے بھی حکومت کو مکمل حمایت کی یقین دہانی مل چکی ہے اور اسکا نمبر 224 تک پہنچ چکا ہے ،حکومتی ذرائع نے بتایا کہ سینیٹ میں بھی جے یو آئی ف کے تعاون سے دو تہائی اکثریت مل چکی ہے ، سینیٹ میں حکومتی اتحاد کے پاس 59 ا رکان ہیں، مولانا کے 5ار کان کو شامل کرنے سے یہ نمبر 64 تک پہنچ جاتا ہے ، اس طرح سینیٹ میں بھی آئینی ترمیم کیلئے درکار نمبرزپور ے ہو چکے ہیں ۔