تعلیم بنیادی انسانی حق،ملک کے مستقبل کی ضمانت:شہباز شریف
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم خواندگی کے موقع پر ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی لگادی۔خواندگی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ خواندگی ایک بنیادی انسانی اور آئینی حق ہے۔
تعلیم اور خواندگی ہمارے ملک کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ خواندگی محض پڑھنے لکھنے کی صلاحیت نہیں ، یہ بااختیار بنانے ، اقتصادی مواقع اور معاشرے میں فعال شرکت کا ایک گیٹ وے ہے ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج ہم تعلیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم ایک زیادہ باخبر اور پائیدار قوم کیلئے کوشاں ہیں۔تعلیم ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہے ، اس مقصدکیلئے ہم نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ کے اندراج کی مہم شروع کی ہے ، سکولوں میں بچوں کو دوپہر کا کھانا دیناشروع کیا ہے ۔سکول چھوڑنے کی شرح کو کم کرنے اور ہر بچے کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کی ترغیب دینے کیلئے وظائف اور دیگر مراعات متعارف کرائی ہیں۔ اس تیزی سے ابھرتی ہوئی دنیا میں ٹیکنالوجی کے مطابق خواندگی اور مہارتوں کی ترقی ناگزیر ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایک جامع منصوبہ پر عمل پیرا ہے جس سے ٹیکنالوجی ہمارے تعلیمی نظام میں ضم ہو جائے گی ، اس بات کا مقصد اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہمارے نوجوان ڈیجیٹل معیشت میں ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے ضروری مہارتوں سے لیس ہوں۔ نجی شعبے اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں حکومت کی ان کوششوں میں برابر کے شراکت دار ہیں ۔ موثر شراکت داری قائم کر کے ، ہم تعلیم کو روزگار اور خود روزگار کے مواقع سے جوڑ سکتے ہیں، جس سے ایک زیادہ مضبوط اور جامع افرادی قوت پیدا ہو سکتی ہے ۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئیے سب کیلئے خواندگی اور تعلیم کو فروغ دینے کیلئے بحیثیت قوم مل کر کام کریں اور اپنے بچوں اور اپنے ملک کا روشن مستقبل بنائیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے خصوصی پولیو مہم کابھی آغاز کر دیا،وزیرِ اعظم نے ملک بھر کے 115 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا جس میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی،آج سے 15 ستمبر تک اس خصوصی مہم کے تحت 2 لاکھ 86 ہزار پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ پرامید ہوں وفاقی حکومت ،صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر پولیو کے ملک سے مکمل خاتمے میں کامیاب ہو جائے گی،انسداد پولیو کیلئے کوششیں کرنیوالے تمام سٹیک ہولڈرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں،والدین سے گزارش ہے کہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو تمام عمر کی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے بھی پلائے ۔شہباز شریف نے یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے تمام سٹاف کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سمندری حدود کی حفاظت کے لئے ان کی ثابت قدمی، فرائض کی ادائیگی کے لئے غیر متزلزل لگن اور ملک کی خدمت کا جذبہ قابل قدر ہے ۔ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کو درپیش چیلنجز سے قطع نظر ان کی لگن اور جذبہ پرعزم ہے ، ہم ان کی خدمات ، قربانیوں اور ملکی سمندر کی حفاظت کے لئے ان کے کردار کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔