کارسازحادثہ:نتاشا کی منشیات کیس میں ضمانت مسترد
کراچی (سٹاف رپورٹر)ملزمہ نتاشا کو منشیات استعمال کرنے کے مقدمے میں درخواست ضمانت مستردہونے کی وجہ سے رہائی کاپروانہ نہ مل سکا۔
ملزمہ کی نئی درخواست ضمانت کی سماعت آج ہوگی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ایسٹ محمد رضاانصاری نے پیر کے روز نتاشا دانش کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت کافیصلہ سنایا۔ عدالت نے کارساز ٹریفک حادثہ کیس کی ملزمہ کی منشیات کیس میں درخواست ضمانت مسترد کردی۔ عدالت نے قراردیاکہ وکیل صفائی کا خون اور یورین کے نمونے غیر محفوظ رہنے کا دعویٰ غلط ہے کیونکہ پولیس فائل میں ایساکچھ نہیں ہے ، اچھی سوسائٹی سے تعلق رکھنے کے باوجود نتاشا نے نشے کی حالت میں کار ڈرائیو کی جوباعث حیرت ہے ، نشے کی حالت اور بغیر لائسنس گاڑی چلانا جرم ہے ، نتاشا کے جرم کی وجہ سے دو شہری اپنی جان سے چلے گئے ۔عدالت نے قراردیا کہ ورثا کی جانب سے پیش کیے گئے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں کیونکہ اس مقدمے کی سرکار مدعی ہے اگرملزمہ کی ضمانت ہوئی تو اس سے معاشرے پر منفی اثر پڑے گا۔بعدازاں نتاشا کے وکلا عمرگورا اور دیگر نے فیصلے کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ شاہد علی میمن نے درخواست ضمانت پر پراسیکیوٹرکو10ستمبرکیلئے نوٹس جاری کردیئے ۔