ارشد شریف کے قتل کا بانی پی ٹی آئی کو پہلے سے علم تھا:واوڈا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف کے قتل کا تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو پہلے سے علم ہو چکا تھا۔۔۔
انہیں یہ بھی پتا تھا کہ اس قتل میں مراد سعید اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کا کیا کردار ہے ۔ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واڈا نے دعویٰ کیا کہ ارشد شریف کے قتل سے پہلے بانی پی ٹی آئی کو معلوم تھا کہ کچھ بڑا ہونے والا ہے ، فیض حمید کو بھی پتا تھا، مراد سعید کو اگست میں ہی پتا تھا کہ کسی کو باہر ہائر کر لیا گیا ہے اور باہر کے ملک میں ہی کچھ ہوگا،انہوں نے پروگرام میں ایک آڈیو کلپ چلوائی جس کے بعد سینیٹر نے بتایا کہ آڈیو کلپ میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ احتجاج ہو رہا ہے جس کے بعد لانگ مارچ ہوگا، آڈیو کلپ میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 30 اکتوبر کو یا اتوار کو لانگ مارچ کا اعلان کروں گا، عمران خان جس اتوار کا کہہ رہے ہیں اسی دن 23 اکتوبر 2022 کو ارشد شریف کا قتل ہوا،فیض حمید نے بطور ڈی جی آئی ایس آئی ارسلان ستی نام کا ایک شخص نامزد کیا، اس کی ذمہ داری ارشد شریف کو دبئی سے نکالنے کی تھی، اس معاملے میں دو خواتین کا کردار بھی ہے ، ابھی بہت ساری چیزیں کھلیں گی یہ اتنا آسان قتل نہیں ہے ۔