سندھ میں عیاشی لگی ہوئی،کوئی پوچھنے والا نہیں:حافظ نعیم
کراچی (آئی این پی )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی برے حالات سے دوچار ہے ، صوبائی حکومت کا مائنڈ سیٹ ہے کہ اس شہر سے لینا ہے ، دینا کچھ نہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں کل سے کراچی میں موجود ہوں شہر کی اس وقت صورت حال بہت عجیب ہے ، ساری کی ساری چیزیں صوبائی حکومت نے اپنے پاس رکھی ہوئی ہیں، اختیارات نہ یوسیز کے پاس ہیں نہ ٹاؤن کے پاس ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کو 15سیٹیں دے دی گئیں، سندھ میں عیاشی لگی ہوئی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں، اعلان سنا تھا کراچی اور سندھ سے قبضہ مافیا کا خاتمہ کریں گے ، اب اس سسٹم کو اٹھا کر وفاق میں بٹھا دیا گیا۔ کراچی میں لوگوں کو پانی نہیں مل پارہا ، ذمہ داری پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہیں ، مجموعی طور پر انڈسٹریلائزیشن نہیں ہورہی، لوگ کہتے ہیں اس مہنگی بجلی کے ساتھ انڈسٹری نہیں چل رہی، پنجاب میں نوازشریف نے صاحبزادی کے ساتھ اعلا ن کیا، ایسا لگ رہا تھا جیسے نوازشریف خیرات دے رہے ہیں، آئی پی پیز کو مراعات دی گئی ہیں، سب لوگوں نے آئی پی پیز کو فیور دیا ، پریشانی سے نکلنے کا حل ہے کہ آئی پی پیز کو لگام دی جائے ، شہر میں سڑکوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہے ، جو پارٹیاں برسر اقتدار ہیں انہیں کراچی سے کوئی غرض نہیں ہے ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپشن کے لیول میں بلوچستان اور سندھ میں مقابلہ ہے ۔