سندھ اسمبلی:وزیراعلیٰ پختونخوا کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

سندھ اسمبلی:وزیراعلیٰ پختونخوا کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی نے منگل کو پرائیوٹ ممبرز ڈے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا امین گنڈا پور کی جانب سے اسلام آباد جلسے میں خواتین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے اور خواتین صحافیوں کو دھمکیاں دینے کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی ۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسمبلی اویس قادر شاہ کی زیر صدرات ہوا،نومنتخب رکن سندھ اسمبلی آصف موسی ٰنے حلف اٹھا لیا وہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر پی ایس 112 سے کامیاب ہوئے ،انکی کامیابی کے بعد اسمبلی میں پارٹی ارکان کی تعداد 116 ہوگئی۔ پی ٹی آئی کے رکن شبیر قریشی کی حالیہ بارشوں میں امدادی کارروائیاں نہ ہونے کے خلاف قرارداد کو ایوان نے رائے شماری سے مسترد کردیا ۔ پیپلز پارٹی کی خاتون رکن سعیدیہ جاوید نے وزیر اعلیٰ کے پی کے امین گنڈا پور کی جانب سے خواتین اور صحافیوں سے متعلق نازیبا الفاظ کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جس میں الیکشن کمیشن اور متعلقہ ادارے سے مطالبہ کیا گیا ہے وزیراعلیٰ پختونخوا کے بیان کا نوٹس لیکرسخت کارروائی کی جائے ۔ ضیاالحسن کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی ارکان نشستوں سے کھڑے ہوگئے اور شور شرابہ کرنے لگے ۔ آغا سراج درانی نے گنڈا پور کو مخاطب کرتے کہا کہ آپ کو پوری قوم سے معافی مانگنی چا ہئے ۔ پی ٹی آئی کے واجد علی نے کہا علی امین گنڈاپور ببر شیر ہیں ۔ پیپلز پارٹی کی ہیر سوہو نے کہا علی امین گنڈاپور کو آئندہ سے گنڈا پور کے بجائے گندہ انڈاکہنا زیادہ مناسب ہوگا۔ایوان نے قرارداد کثرت رائے سے منظورکرلی جسکے بعداجلاس جمعے کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں