پنجاب :دستک پروگرام کا دائرہ کار11اضلاع تک وسیع

 پنجاب :دستک پروگرام کا دائرہ کار11اضلاع تک وسیع

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کیلئے مریم نواز کے دستک پروگرام کا دائرہ کار لاہورسمیت راولپنڈی’فیصل آباد’ گوجرانوالہ’ملتان’ بہاولپور’ڈیرہ غازیخان ’سرگودھا’ساہیوال’اوکاڑہ اور پاک پتن تک وسیع کر دیا گیا ہے ۔

 اب پنجاب کے 11 اضلاع میں شہری دستک موبائل ایپ کے ذریعے 60 سے زائد سرکاری خدمات اپنی دہلیز پر حاصل کر سکتے ہیں۔ پی آئی ٹی بی کی وضع کردہ دستک ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے ڈومیسائل’برتھ سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی کاپی، نکاح سرٹیفکیٹ، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، ای سٹیمپنگ’موٹر وہیکل ٹرانسفر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید جیسی 60 سے زائد خدمات گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس حوالے سے پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف خواتین، معمر، بیمار افراد، نوکری پیشہ سمیت ہر طبقے کو دفاتر کے چکروں اور لمبی قطاروں سے نجات ملی ہے بلکہ جدت پر مبنی سروس ڈیلیوری ماڈل بھی فروغ پا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری دستک موبائل ایپ کے علاوہ 1202پر کال ملا کر بھی گھر بیٹھے تمام سرکاری خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں