مریم نواز کی زیرصدارت اجلاس:پولیس کیلئے1ارب کی گرانٹ،دوران ڈیوٹی سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی
لاہور (کرائم رپورٹر،اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 6واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب کی 112تحصیلوں میں چیف منسٹر کلینک آن ویل شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
112تحصیلوں میں 444کلینک آن ویل وین مہیا کی جائیں گی۔112کلینک آن ویل میں الٹراساؤنڈ کی سہولت میسر ہوگی ۔پنجاب فلم فنڈ قائم کرنے ،سرگودھا او رڈیرہ غازی خان ریجن میں بارڈر آؤٹ پوسٹس کی اپ گریڈیشن اور تعمیر و بحالی ،قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ کے داخلی راستے پر ایم ٹو موٹروے انٹرچینج بنانے کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں چن دا قلعہ چوک گوجرانوالہ میں فلائی اوور کی تعمیر اورسالانہ ترقیاتی پروگرام 2024۔25 میں نارووال کرتار پور کوریڈور سکیم پر اتفاق کیاگیا۔میانوالی سے سی پیک انٹرچینج داؤد خیل میں ایڈیشنل کیرج وے کی تعمیر کا جائزہ لیاگیا۔ پولیس شہدا کے اہل خانہ کے گھرو ں کے لئے گرانٹ بڑھانے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024۔25 میں روڈز کے میگا پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ دہلی ملتان روڈاور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت 3روڈز کو دو رویہ بنانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ نے ملتان وہاڑی روڈ دو رویہ سڑک بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا عوام کی سہولت دیکھیں گے ،سنگل روڈبن بھی گیا تو ٹریفک کے مسائل برقرار رہیں گے ۔کچی آبادیوں اور زرعی زمین کو سیلاب کی وجہ سے زمینی کٹاؤ سے بچانے کے لئے فلڈ پروٹیکشن بند کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہر سال سیلاب کی وجہ سے نقصان نااہلی کے مترادف ہے ۔کابینہ کمیٹی نے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے لئے گرانٹ ان ایڈ ،پنجاب میں ریٹرو ریفلکٹو نمبر پلیٹز مہیا کرنے کی بھی منظوری دی ۔مری ڈویلپمنٹ پلان،رابرٹس کلب لاہور کی اپ گریڈیشن ،پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں 274 ٹیکنیشن کی بھرتی کی منظوری بھی دی گئی۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز نے حکم دیا ہے کہ عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے پولیس افسروں کو علماء کرام کے پاس خود جاکر ملنے کی ہدایت کی۔وزیراعلٰی کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا،جس میں صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی، وزیر اعلیٰ نے منظوری دے دی۔ اجلاس میں پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ مریم نوازنے پولیس اہلکاروں کواے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹیں فوری طور پر دینے کا حکم دیا۔سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی گئی ۔بارڈر سکیورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتربنانے ،بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدیدٹریننگ کی بھی ہدایت کی۔ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لئے مہم مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا۔اجلاس میں آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا اور کیمرے کے استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد کردی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا پنجاب کے عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے ۔ عوام کے تحفظ کے لئے جو کچھ بھی کرنا پڑا ضرور کیا جائے گا۔