بلیو اکانومی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا :اسحاق ڈار
اسلام آباد (اے پی پی) نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ بلیو اکانومی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا ، نائب وزیراعظم نے پرامن تعلقات کے فروغ ، مشترکہ خوشحالی ، سلامتی، ماحولیاتی تحفظ اور وسائل کے پائیدار انتظام کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تجارت کے لئے میری ٹائم سکیورٹی اہمیت کی حامل ہے ۔
جہازسازی کی صنعت کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جانا ضروری ہے ،میری ٹائم انڈسٹری میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کریں گے ،سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں ،ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں انٹرنیشنل میری ٹائم بزنس اینڈ فنانس کانفرنس 2024 سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل آرسینیو انتونیو ڈومنیگویز سمیت ملکی اور غیرملکی مندوبین شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری ٹائم افیئرز سے متعلق سب کے مفادات مشترک ہیں ،نائب وزیراعظم نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین اور مہمانوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا ۔