ایشیائی ترقیاتی بینک :پختونخوا میں سڑکوں کی بحالی کیلئے 32کروڑ ڈالر کی منظوری
اسلام آباد (اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبرپختونخوا میں سڑکوں کی بحالی کے لیے 32 کروڑ ڈالر کے قرضہ کی منظوری دیدی ہے ۔
بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں میں سڑکوں کی ترقی کے منصوبہ کے تحت سیلاب سے متاثرہونے والی تقریبا 900 کلومیٹر طویل سڑکوں کوبحال کیا جائیگا۔ منصوبہ کے تحت دور دراز کی کمیونٹیز کو تعلیم، صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات اورمنڈیوں سے مربوط کرنے میں مددفراہم ہوگی ۔ وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے بینک کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی ژوکوف نے بتایا کہ روڈٹرانسپورٹ عوام کے لیے لائف لائن اور پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی کا ایک اہم جزو ہے ۔ بنیادی ڈھانچے کے اس اہم منصوبہ سے سفر کا دورانیہ کم ہوگا ، نقل و حمل کے اخراجات میں کمی آئیگی اور خیبر پختونخوا کے لاکھوں باشندوں کے لیے اقتصادی مواقع تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔