سینیٹ ،7ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت پرعام تعطیل کی قرارداد منظور
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) ایوان بالا نے 7 ستمبر کو یوم تحفظ ختم نبوت کے طور پر سرکاری سطح پر منانے اور عام تعطیل کا اعلان کرنے کی تحریک متفقہ طور پر منظور کرلی۔۔۔
سینیٹ کااجلاس ڈپٹی چیئرمین سیدال خان کی صدارت میں شروع ہوا تو جمعیت علما اسلام کے سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کی یادگاری قرارداد پیش کی ۔ قرارداد کے متن کے مطابق 7 ستمبر 1974 کا دن صرف پاکستان نہیں دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے تاریخی تھا، اس دن مسلمانوں کی ایک طویل جدو جہد کامیاب ہوئی قرار داد میں کہا گیا کہ سینیٹ حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ اس دن کو سرکاری سطح پر منایا جائے ، قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کے دن پر قومی تعطیل دی جائے مولانا عطا الرحمان نے کہاکہ آئندہ آنے والی نسلوں تک عقیدہ تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے پیغام پہنچا نے کے لئے نصاب تعلیم میں شامل کیا جائے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے والے اکابرین کیلئے اعزازی تمغہ دیا جائے قرار دار کو ایوان نے متفقہ طور پرمنظور کرلیا اجلاس میں اپوزیشن سینیٹر ز بولناچاہتے تھے تاہم ڈپٹی چیئرمین نے غیر معینہ مدت تک کیلئے سینیٹ کا اجلاس ملتوی کردیا ۔