گوجرانوالہ: جائیداد کا تنازع، شادی والے گھر فائزنگ، 2 بھائیوں سمیت 4 قتل
گوجرانوالہ(کرائم رپورٹر)تھانہ کینٹ کے علاقہ اقبال ٹائون میں رشتے داروں نے جائیداد کے تنازع پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 2بھائیوں سمیت4افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کرلی۔
تھانہ کینٹ کے علاقہ اقبال ٹائون میں کوثر بانو کے گھر شادی کی تقریب تھی ،علی الصبح الیاس، عباس، دانش، تنویر، عبداللہ ،سردار، افتخار، عثمان ،سہیل انور اور5نامعلوم افراد زبردستی گھر میں گھس گئے جنہوں نے کمرے میں سوئے 2بھائیوں حامد اور احمد سمیت اظہر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ امانت نامی شخص جان بچانے کیلئے بھاگ کر بالائی منزل پر چلا گیا لیکن ملزموں نے تعاقب کرکے اسے بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا ،ملزموں نے گھر کے اند ر لگا ہوا ڈی وی آر بھی اتار لیا اور چاروں کی موت کی تسلی ہونے کے بعد ملزم اندھا دھند ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ،شادی والے گھر میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے قتل پر صف ماتم بچھ گئی ، واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا ،پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر لئے ۔دوسری جانب آئی جی نے آرپی او طیب حفیظ چیمہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزموں کی گرفتاری کیلئے ایس پی سول لائن کی زیر نگرانی ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں ،تھانہ کینٹ پولیس نے مقتول اظہر کی والدہ کوثربانو کی مدعیت میں 9نامزد اور5نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔