45بڑے منصوبوں کی منظوری،مریم نواز کا ہر شہر میں ڈولفن فورس بنانیکا حکم
لاہور(اپنے نامہ نگار سے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے 7گھنٹے طویل اجلاس کے دوران 45میگا پراجیکٹس کی منظوری دے دی ، پنجاب کے ہر شہر میں ڈولفن فورس اور پی ایچ اے بنانے کا اعلان کردیاگیا۔
مریم نوازشریف کا کہناتھاکہ حلفاً اقرار کرتی ہوں کہ آج تک کوئی بندہ سفارش پر نہیں لگایا، پانچ سال عوام کی خدمت کیلئے دئیے گئے ،جلسے جلوس کیلئے نہیں،الحمدللہ، پنجاب ہر شعبے میں لیڈ لے رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں تعلیم، صحت، زراعت، لائیو سٹاک روڈز سمیت دیگر شعبوں کے بارے میں اہم فیصلے کئے گئے ۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دوسرے فیز میں 15نومبر سے مزید34تحصیلوں میں پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے صفائی کے جامع نظام کا نفاذ کیا جائے گا جبکہ 100 تحصیلوں میں 15 اکتوبر تک ستھرا پنجاب کی لانچنگ ہوگی اور دو ہفتے میں 100 تحصیلوں میں آؤٹ سورس ماڈل کے تحت صفائی کے عمل کا آغازکر دیا جائے گا۔اجلاس میں پنجاب میں سولر پینل کی مقامی طور پر تیاری کیلئے چیف منسٹر فنڈ فار سولر پینل پروڈکشن اورمینوفیکچرنگ کی منظوری دی گئی،نومبر میں وزیراعلیٰ پروگرام کے تحت لوگو ں کو سولر پینل ملنا شروع ہونگے ۔وزیر اعلیٰ نے لاہور میں پاکستان کاپہلا سرکاری آٹزم سکول کا پراجیکٹ ایک سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب میں 11ہزار کلومیٹر روڈز کی تعمیر ومرمت کی 482 سکیموں کا جائزہ لیا گیا،جنوبی پنجاب کے 581 بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ جنوری تک مکمل کی جائیگی۔
طلبہ کی ہیلتھ سکریننگ اور تھلیسیمیا سینٹر قائم کرنے کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مریم نوازشریف نے ہر شہر میں کارڈیالوجی علاج معالجے کی سہولیات یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس باڈی کیم پروگرام کی ڈیڈ لائن طلب کرلی جبکہ 17 اضلاع کے دیہات میں خواتین کو2ارب کی لاگت سے 11ہزار مویشی پالنے کے لئے دئیے جائینگے ۔ فارمرز کے لئے پنجاب کا پہلا لائیو سٹاک کارڈ اگلے ماہ لانچ ہوگا۔سرکاری ویسٹ لینڈ پر ایگرو فارسٹری پراجیکٹ کی منظوری دی گئی جس کے تحت پیاز،آلو اور زیتون وغیرہ کاشت کیا جائے گا۔ وائلڈ لائف تحفظ کے لئے پنجاب میں پہلی مرتبہ جنگلی حیات شماری کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں شریمپ فارمنگ کے لئے مخصوص ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ لاہور اور ڈی جی خان میں فش ہیچری قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام شہروں میں ضرورت کے تحت سیف سٹی کیمروں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے مزید 9اضلاع میں دستک سروسز شروع کرنے اور پنجاب میں پہلی بار کاربن کریڈٹ سکیم کے اجرا کی منظوری دی گئی۔ جیو گرافک انفارمیشن سسٹم میپنگ کے ذریعے سموگ ایریا کی نشاندہی کا پراجیکٹ بھی شروع کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازنے ہونہار بچوں کی فیس کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی اورپنجا ب کا پہلا فلم فنڈ قائم کر نے کی منظوری دی جبکہ تمام شہروں میں میٹرو ٹریک کی جلد تکمیل کا حکم دیا۔
پہلے فیز کے 9500گرین ٹریکٹر کے ڈیزائن اور دیگر امور کی منظوری دی گئی۔ گرین ٹریکٹر مخصوص فیچر،کلر اور نمبرکی وجہ سے بیچا نہیں جاسکے گا،31مارچ ڈیڈ لائن مقررکی گئی۔ مریم نوازنے ضرورت کا تعین کرکے ہر شہر میں ریسکیو ایمبولینس فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ساہیوال ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران ہر شہر کی خوبصورتی کیلئے پی ایچ اے بنانے کا اعلان کرتے ہوئے پنجاب بھر میں روایتی میلے بحال کرنے کا حکم دیا ۔مریم نوازشریف نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ ہر شہر میں ڈولفن فورس قائم کی جائے ،ساہیوال میں کارڈیالوجی بلاک جلد از جلد فنکشنل کیاجائے ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پاکپتن میں مذہبی سیاحت کے فرو غ کے لئے جامع پلان طلب کرلیا اوربابا فرید گنج شکرؒ کے مزار کی تعمیر و مرمت اورتزین و آرائش جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔مریم نواز نے کہاکہ پچھلے چار پانچ سال کی خرابیاں دور کررہے ہیں،سب کچھ ٹھیک نہیں ہوچکا لیکن تیزی سے بہتری آرہی ہے ۔حلفاً اقرار کرتی ہوں کہ آج تک کوئی بندہ سفارش پر نہیں لگایا،پنجاب میں پوسٹنگ ٹرانسفر میرٹ پر ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی پہلی مرتبہ نیچے آئی ہے ،یہ خود بخو دنہیں ہوا،اس کے پس منظر میں ہماری کاوشیں ہیں۔گندم خریداری نہ کرنا غیر مقبول فیصلہ سمجھا گیا لیکن آٹے اورروٹی کی قیمت نیچے آگئی۔ عوامی پذیرائی نہیں چاہتی لیکن ایسے فیصلے کررہی ہوں جس سے عوام پر کم از کم بوجھ پڑے ،حکومتی نرخوں پر یقین نہیں بلکہ زمینی حقائق کو خود چیک کرتی ہوں۔