190 ملین پاؤنڈ ریفرنس:آخری گواہ پر جرح کا آغاز

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس:آخری گواہ پر جرح کا آغاز

راولپنڈی ( خبر نگار) اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کے وکیل نے نیب کے آخری گواہ و ریفرنس کے تفتیشی افسر پر جرح کا آغاز کر دیا ہے تاہم جرح جاری تھی کہ ریفرنس کی سماعت آج ہفتہ تک ملتوی کردی گئی ۔

گزشتہ روز سماعت کے موقع پر دونوں ملزم اور نیب کے وکلا عدالت میں موجود تھے ۔ سماعت کے آغاز پر ملزمہ کے وکیل کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا ملزمہ کے وکیل عدالت کیوں پیش نہیں ہوئے جس پر معاون وکیل خالد یوسف نے عدالت کو بتایا کہ عثمان گل اڈیالہ جیل آرہے ہیں کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے ۔بعد ازاں عثمان گل عدالت میں حاضر ہو گئے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی عدالت نے بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کردیئے جانے پر درخواست نمٹا دی۔دوران سماعت اسلام آباد پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ کی رپورٹ سٹیٹ کونسل کے ذریعے پیش کی گئی اور عدالت کو بتایاگیا کہ بشری ٰبی بی کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں ایک مقدمہ درج ہے ، مقدمہ چھ جون 2023 کو درج کیا گیا تھااور یہ مقدمہ پہلے کا درج ہے جو یہاں بینچ پانچ میں چیلنج ہے ،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایف آئی اے میں توشہ خانہ ٹو کیس ہی درج ہے ، درخواست گزار وکیل نے کہاکہ عدت کیس میں بریت کے بعد نیب نے گرفتار کر لیا تھا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ جو بھی مزید کیس ہوگا سٹیٹ کونسل بتائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں