حسن نصراللہ کی آج مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ہوگی

 حسن نصراللہ کی آج مختلف مقامات پر غائبانہ نماز جنازہ ہوگی

لاہور، کراچی، اسلام آباد (سیاسی نمائندہ ،مانیٹرنگ ڈیسک )جماعت اسلامی نے آج (اتوار کو)ملک بھر میں شہید حسن نصراللہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کا اعلان کردیا۔

اپنے بیان میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حسن نصر اللہ کی شہادت پر حزب اللہ کے رہنما کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا ،انکی صاحبزادی زینب اور دیگر رفقائے کار کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور شہدا کے لواحقین، اہل لبنان و فلسطین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا حسن نصراللہ نے ساری زندگی ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف مزاحمت کی اور عظیم مقصد کی خاطراپنی جان قربان کردی۔ اللہ انکی شہادت قبول فرمائے ، ان شا اللہ مزاحمت جاری رہے گی۔ اقوام متحدہ اجلاس کے دوران لبنان، غزہ پر حملوں سے ثابت ہوگیا اقوام متحدہ ناکارہ ادارہ ہے اور یہ عالمی طاقتوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ہے ۔ مسلم حکمرانوں اور افواج کو سوچنا ہوگا وہ اس وقت کہاں اور کس کے ساتھ کھڑے ہیں؟ جماعت اسلامی 7اکتوبر سے اہل فلسطین و لبنان سے ہفتہ اظہار یکجہتی کے طور پر منائے گی ،پورے ملک میں جلسے جلوس، کراچی اور اسلام آباد میں ملین مارچز کا انعقاد ہو گا۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کی شہادت پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکا میں بچے اور بزرگ شہری بھی شامل تھے ۔

جے یوآئی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حزب اللہ رہنما حسن نصر اللہ کی شہادت کی شدید مذمت کرتے کہا کہ حسن نصر اللہ کا قتل اسرائیل کی بزدلانہ دہشت گردی ہے ،شہادت سے اسرائیل کے خلاف جدوجہد کو مزید تقویت ملے گی، انکی شہادت سے صہیونیت کے بدنما چہرے میں اضافہ ہوا ہے ،حسن نصر اللہ کی پوری زندگی اسرائیل کے خلاف بھر پور جدوجہد سے عبارت ہے ، اللہ سے دعا ہے کہ حسن نصر اللہ کی شہادت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے ۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ حسن نصراللہ کی شہادت افسوسناک ہے ، اقوام متحدہ، او آئی سی اسرائیل کی دہشت گردی روکنے میں کردار ادا کریں۔ گورنر سندھ نے بذریعہ وزارت خارجہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خط تحریر کیا ہے کہ اسرائیل اس سے قبل ایران میں اسماعیل ہنیہ کو نشانہ بنا چکا ہے ، فلسطین میں 40 ہزار سے زائد معصوم شہریوں کو شہید کیا، اسرائیل نے اب لبنان کی سلامتی خود مختاری پر حملہ کیا ہے ، عالمی برادری اسرائیلی دہشت گردی رکوانے کے لئے اپنا فوری کردار ادا کرے ۔ مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی بھی صورتحال کا نوٹس لے ، اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک متحد ہو کر کردار ادا کریں۔

سابق وزیراعلیٰ وصدر مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے کہاہے کہ وہ سچے مجاہد تھے جنہوں نے حزب اللہ کے جہادی فورم سے صرف اسرائیل ہی کو نہیں بلکہ دنیا کے ہر اس طاغوت کو شکست دی جو اسرائیل کا حواری تھا اور فلسطینی ریاست کا دشمن تھا۔شہید حسن نصراللہ نے اپنے عظیم جذبہ جہادناقابل تسخیر عزم اور بیت المقدس سے اپنی ایمانی تحریک سے اسلام کی عظمت اور جہاد فی سبیل اللہ کا جہاں حق ادا کیا وہاں دنیا پر ثابت کردیا کہ اللہ کا سچا مجاہد ساری دنیا کے طاغوت کو شکست دے سکتا ہے اور اللہ کا سچا مجاہد تمام اہل اسلام کی نمائندگی کا تاج پہن کر طاغوت کو رسوا کرسکتا ہے ۔ آج شہید حسن نصراللہ شہادت عظمیٰ کا تاج پہن کر سرخرو ہوگیا۔ ہم شہادت کی سعادت حاصل کرنے والے ہر مجاہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ حافظ حفیظ الرحمن نے حکومت گلگت بلتستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہید اسلام حسن نصراللہ کو سرکاری سطح پر خراج عقیدت پیش کرے اور گلگت بلتستان میں سرکاری سطح پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں