جماعت اسلامی آج پورے ملک میں شاہراہوں پر دھرنے دیگی

 جماعت اسلامی آج پورے ملک میں شاہراہوں پر دھرنے دیگی

لاہور، کراچی (سیاسی نمائندہ ،مانیٹرنگ ڈیسک ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر آج پورے ملک میں شاہراہوں پر دھرنے دیئے جائیں گے ، مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جماعت اسلامی کل ملک بھر میں حزب اللہ رہنما حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بھی اداکرے گی۔

حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدہ پر عمل نہ کرنے پر ہونے والے احتجاج میں جماعت اسلامی کے قائدین، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کراچی میں دھرنا سے خطاب کریں گے ۔ کراچی میں 12مقامات پر دھرنے دیئے جائیں گے ۔ نائب امیر میاں اسلم اسلام آباد ،نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر صوبہ وسطی پنجاب جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بھیکھے وال موڑ لاہور ، امیر صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم گجرات ،ملتان گھنٹہ گھر چوک میں امیر صوبہ جنوبی پنجاب راؤ ظفرو دیگر قیادت دھرنوں سے خطاب کرے گی، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی عمر کوٹ جبکہ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ لاڑکانہ میں دھرنے اور مظاہرے سے خطاب کرینگے ۔ حیدرآباد، گھوٹکی، نوابشاہ، ٹھٹھہ، کندھ کوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، شیخوپورہ ودیگر شہروں کی شاہراہوں پر دھرنے ہوں گے ۔ دریں اثناامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا عوام آئین و قانون کے مطابق جسٹس منصورعلی شاہ کی تقرری چاہتے ہیں، آئین کے مطابق جسکی باری ہے اسی کا تقرر کیا جائے ۔ انہوں نے کہا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کا نوٹیفکیشن 3 ماہ پہلے ہی جاری ہوگیا تھا۔ پاکستان میں آئینی بحران پیدا کرنے کی کوشش ہورہی ہے ، مجوزہ آئینی ترامیم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، برسر اقتدار ٹولہ مرضی کا چیف جسٹس لاکر مرضی کے فیصلے لینے کا خواہش مند ہے ۔ آئینی ترمیم کی حمایت کرنے والے اپنے چہرے پر کالک ملیں گے ، ماضی میں قوم سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کے لیے کھڑی ہوئی مگر انہوں نے عدل نہیں کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں