پنجاب: 5شہروں میں سیاسی اجتماعات، مظاہروں پر پابندی
لاہور(سیاسی نمائندہ، مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت پنجاب نے سنگین سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ کے 5اضلاع میانوالی، فیصل آباد، بہاولپور، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ میں دفعہ 144 نافذ کر دی جس کے تحت ان اضلاع میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے ، جلسے ، مظاہرے ، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق میانوالی میں یکم سے 7 اکتوبر تک سات روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ۔ یکم سے 3 اکتوبر تک پاکستان رینجرز پنجاب کی 2 کمپنیاں بھی میانوالی میں سکیورٹی ڈیوٹیز سر انجام دیں گی۔ اسی طرح متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی درخواست پر فیصل آباد، بہاولپور، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ۔ میانوالی، فیصل آباد، بہاولپور، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دفعہ 144 کا نفاذ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر کیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی جبکہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے ۔ محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر تے ہوئے عوامی آگاہی کیلئے انکی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت کی ہے ۔یاد رہے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج 2 اکتوبر کو ان اضلاع میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے ۔