سیاست کی کنجی آج بھی بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ میں :پرویز الٰہی
لاہور (کورٹ رپورٹر )سابق وزیر اعلی ٰ پنجاب پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اب صرف پاکستان کے لیڈر نہیں بلکہ دنیائے اسلام کے لیڈر ہیں اقوام متحدہ میں اصل خطاب تو بانی پی ٹی آئی کا تھا۔
ہر سچے پاکستانی کی طرح میں اور میری فیملی مضبوطی سے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لاہور میں عدالت پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے پاکستان میں سیاست کی کنجی آج بھی بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ہے اب ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں۔قبل ازیں لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف گجرات کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ پرویز الٰہی ویل چیئر پر عدالت پیش ہوئے سماعت ملتوی کر دی گئی ۔ادھر لاہور ہائیکورٹ نے گجرات ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتارسابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی کی دائر درخواست ضمانت منظور کرلی ، عدالت نے محمد خان کی ضمانت ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواست ضمانت پر فیصلہ سنایا۔