پی ٹی آئی کی بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاج میں شرکت کی دعوت

پی ٹی آئی کی بھارتی وزیر خارجہ  کو احتجاج میں شرکت کی دعوت

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کو اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئین اور پاکستان کو مضبوط ریاست بنانے کے لیے ہمارے ساتھ اس احتجاج میں شامل ہوجائیں۔

 ٹی وی پروگرام میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں آنے والے تمام مہمانوں اور مندوبین کو کہا ہمارے احتجاجی مظاہرین خوش آمدید کہتے ہیں اور ہم انہیں پاکستان کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اجلاس میں آنے والوں کو یہ بھی بتاتے ہیں کہ جن چوروں کے ساتھ تم مذاکرات کر رہے ہو ان کی کوئی ساکھ نہیں ہے لیکن آپ پاکستان آ رہے ہیں تو ہمارے معزز مہمان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب ان غیرملکی مندوبین کو پتا چلے گا کہ پاکستان میں ایک بہت بڑی پارٹی آئینی حقوق کے لیے احتجاج کررہی ہے تو میرے خیال میں وہ خوش ہوں گے کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے اور وہاں آئینی حقوق کے لیے ہر کسی کو احتجاج کی اجازت ہے البتہ جب وہ احتجاج روکنے کے لیے کنٹینروں کے مینار دیکھیں گے تو انہیں افسوس ہو گا۔اپنے بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمارے پرامن احتجاج میں ن لیگی مسلح کارکن شامل ہونے کے شواہد ملے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیاست کو سیاسی اداروں تک محدود رکھنا چاہیے ، شریف خاندان سے نجات ضروری ہوچکی، ن لیگ میدان میں آئے اور اداروں کو اپنی سیاست کیلئے استعمال نہ کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں