سڑکوں پر احتجاج منفی تاثر ،پارلیمنٹ میں آئیں:عطا تارڑ

سڑکوں پر احتجاج منفی تاثر ،پارلیمنٹ میں آئیں:عطا تارڑ

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہاہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے ،ایسے موقع پر احتجاج منفی پیغام ہے ہمیں پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کو دکھانا ہے ۔

 پارلیمنٹ کے فلور پر احتجاج کریں، سڑکوں پر احتجاج سے منفی تاثر جائے گا، پی ٹی آئی نے سی پیک کے آغاز پر بھی دھرنا دیا تھا اور جب اقتدار میں آئی تو سی پیک کو سلو ڈاؤن کر دیا، دوست ممالک کو ناراض کیا، علی امین گنڈاپور کو مشورہ ہے کہ وہ پشاور جائیں اور عوام کی بہتری کے لئے اقدامات کریں اورٹرانسپورٹ کے کرائے کم کریں ، احتجاج ہوتے رہتے ہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، اصل معاملہ معیشت کو فروغ دینا ہے جس پر ہمارا فوکس ہے ، پاکستان کو ایک عظیم ریاست بنائیں گے ،ملک اور معاشی ترقی کی تعریف کرنی چاہئے ،ملا ئشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا دورہ پاکستان بہت کامیاب رہا۔عطااللہ تارڑ نے پی ٹی وی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی رہنماؤں کے دورہ پاکستان سے معیشت مزید مستحکم ہوگی،بیرون ممالک سے وفود کے دورے پاکستان کی معیشت کے لئے اہم ہیں،پاکستان دنیا کے لئے تجارت کی ایک بہترین منڈی ثابت ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے خارجہ پالیسی کے محاذ پر بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں اور یہ سفر جاری و ساری ہے ۔ آئندہ چند دنوں میں سعودی عرب سے ایک اعلی ٰسطح کے وفد کا دورہ پاکستان متوقع ہے ۔ مہمانوں کو پاکستان میں ویلکم کرنا اور اچھا پاکستان دکھانا ہماری ذمہ داری ہے ، ہم اسے پورا کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں