میانوالی پولیس نے دہشتگردوں کے 2حملے پسپا کردئیے
لاہور(سپیشل کرائم رپورٹر)میانوالی پولیس نے ایک ہی دن میں دہشت گردوں کا دوسرا بڑا حملہ پسپا کر دیا،تفصیلات کے مطابق تھانہ مکڑوال میانوالی پولیس کو ملاخیل دربار خاصہ بابا کے علاقے میں دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاع ملی جس پر پولیس نے فوری ایکشن کرتے ہوئے جوابی کارروائی شروع کر دی۔
دہشت گردوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے ، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ڈی پی او میانوالی اختر فاروق، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس کی ٹیموں کے ہمراہ فوری علاقے میں پہنچے اور سرچ آپریشن شروع کیا گیا، پہاڑی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران 10 سے 12 دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر دوبارہ فائرنگ کی، ڈی پی او میانوالی اختر فاروق علاقے میں سرچ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے ، پولیس و سی ٹی ڈی کے افسروں و جوانوں نے محفوظ پوزیشن لیکر جوابی فائرنگ کی، دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا، بعد ازاں دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں فرار ہوگئے ۔