پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومتوں نے وفاق پر لشکر کشی معمول بنالیا:عرفان صدیقی
اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ میں مسلم لیگ (ن)کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ ماضی میں وفاق اور صوبوں میں مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں ہونے کے باوجود باہمی کشیدگی میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔
کہ وفاق کی کسی اکائی نے وزیر اعلیٰ کی قیادت میں وفاق پر لشکر کشی کی ہو، 2016 سے اب تک مسلسل خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت وفاق پر لشکر کشی کر رہی ہے ۔ ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ افسوسناک رسم پی ٹی آئی نے ڈالی جب 2016 میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اسلام آباد پر پہلا حملہ کیا۔ 2022 میں عمران خان وزیر اعلیٰ محمود خان اور حکومتی وسائل کے ساتھ حملہ آور ہوئے اوراب گنڈاپور نے وفاق پر لشکر کشی کو معمول بنا لیا ہے ۔