علیمہ اور عظمیٰ مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )انسداد دِہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی عدالت نے تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں گرفتار بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
گزشتہ روز سماعت کے دوران ایک روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پولیس نے علیمہ خانم اور ڈاکٹر عظمیٰ کو عدالت پیش کیا،پولیس کی جانب سے دونوں کے مزید دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی اور پراسیکیوٹر نے کہاکہ علیمہ خان اور عظمیٰ نے کارکنوں کو بھڑکایا اور کارکن پولیس پر حملہ آور ہوگئے ، ملزموں سے میگا فون برآمد کرنا ہے ، مزید تفتیش کی ضرورت ہے ، ملزموں کی جانب سے فیصل فرید چودھری نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ہم نے عدالت سے میڈیکل چیک اپ کی استدعا کی تھی،میڈیکل رپورٹس عدالت کے سامنے ابھی تک پیش نہیں کی۔