خواتین کی وراثتی جائیدادوں کوتحفظ ملناچاہیے :سپریم کورٹ
اسلام آ باد (آئی این پی ) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ خو اتین کو وراثتی جائیداد سے محروم رکھنے کیلئے کچھ وکلا سہولت فراہم کرتے ہیں۔سپریم کورٹ نے بہنوں کو جائیداد میں حصہ دینے سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا۔
بہنوں کو جائیداد میں حصہ دینے سے متعلق کیس کا فیصلہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی وراثتی جائیدادوں کوتحفظ ملناچاہیے ، بدقسمتی سے خواتین کوشرعی وراثتی حق سے محروم رکھا جاتا ہے ،خواتین کو وراثتی جائیداد سے محروم رکھنے کیلئے کچھ وکلا سہولت فراہم کرتے ہیں،بے بنیاد مقدمہ بازی پر درخواست گزار کو 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے ، جرمانے کی رقم وراثتی جائیداد سے محروم رکھی گئی بہنوں کو ادا کی جائے ۔