آئینی عدالت کا مطالبہ کسی فرد واحد کیلئے نہیں:پیپلزپارٹی
لاہور(سپیشل رپورٹر)صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمار ا عدالتی نظام اس وقت ڈلیور نہیں کر رہا۔
پیپلز پارٹی عدالتی اصلاحات کے پیش نظر آئینی ترمیم کی بات کرتی ہے کیونکہ لوگ 20 ، 25 سال تک عدالتوں میں خوار ہوتے ہیں۔شہید بھٹو کیس میں ہمیں کئی برسوں بعد انصاف ملا ،آئینی عدالت بنانے کو مخالفت کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے ،پارٹی یہ معاملہ 18برس سے اٹھا رہی ہے ،بلاول آئینی عدالت یا ترمیم کی بات کرتے ہیں تو اس میں انکا کیا ذاتی فائدہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں رہنمائوں کیساتھ پریس کانفرنس میں کیا ۔پرویز اشرف نے کہا ججوں کا تقررسب کیلئے قابل بھروسہ ہونا چاہیے ، آئینی عدالت سیاسی و آئینی مسائل سنے ، آئینی عدالتیں صوبو ں میں بھی ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کوئی صوبہ وفاق کیخلاف ایسے کر سکتا ہے جیسے وہ کر رہے ہیں۔ اداروں کو غیر مستحکم کیاجارہاہے ۔ایس سی او کے موقع پر ڈارمہ کر کے کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں، دست و گریبان ہونے کی بجائے پارلیمنٹ میں بات کرنی چاہیے ،امیدہے ساری جماعتیں متفقہ عدالتی نظام لانے کیلئے تعاون کرینگی، اصلاحات کسی فرد واحد کیلئے نہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاپارٹی تنظیموں کو نوٹیفکیشن جلد کر دینگے ۔جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ایک جماعت انتشار پھیلارہی ہے ،جو پارلیمنٹ کی سپر میسی کو مختلف حربوں سے غیر یقینی بنانا چاہتی ہے ۔ ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ 3 مرتبہ مرکز پر لشکر کشی کرچکاہے ۔ بلاول کا آئینی عدالت کا مطالبہ کسی فرد واحد کیلئے نہیں،ہم تو لوئر کورٹس میں بھی سول وکریمنل کورٹس علیحدہ کرنا چاہتے ہیں۔