آئینی تر امیم :اپنے 7 ایم این ایز کو چھپا دیا:شیخ وقاص
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا حکومت کے پاس نمبرزپورے ہوتے تو یہ آئینی ترمیم لا چکے ہوتے، ہم نے اپنے 7ایم این ایزکو چھپا دیا ہے۔۔۔
اب وہ 7 ایم این ایزحکومت کے پاس نہیں ہیں، ہمارے ایم این ایز کو ہراساں کیا جا رہا ہے ،دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا آئینی ترامیم کے معاملے پر مولانا نے ضمانت دی ہے کہ اپنا کندھا استعمال نہیں ہونے دیں گے ، سپیکر قومی اسمبلی کے خط سے لگ رہا ہے ان کے نمبرزپورے نہیں، علی امین گنڈا پور نے بتا دیا ہے کہ وہ کہاں تھے ۔مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہاکسی ایم این اے کو ہراساں نہیں کیا جارہا ، ہراساں کرنا غیر قانونی ہے یہ ممکن بھی نہیں ہے ،ہم اس کے حامی نہیں ہیں،علی امین گنڈاپور کی طرح کہانیاں بنائی جارہی ہیں ،تحریک انصاف کے لوگ کہتے ہیں کہ بندے یہ اپنے دروازے سے لائیں گے ،یہ کوئی پراسرار ووٹنگ نہیں ہوگی، یہ تو اوپن ووٹنگ ہونی ہے ،جو کوئی ممبر پھسلتا ہے تو اپنی مرضی سے پھسلتاہے ،آئینی ترامیم کیلئے کسی سے زبردستی نہیں ہوگی، تحریک انصاف کے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اپنے پائوں کے انگوٹھوں سے بھی ٹھپے لگائیں گے ،جب وقت آئے گا،اسمبلی میں ہمیشہ سے فلورکراسنگ ہوتی ہے ، فیڈرل کورٹ ہونی چاہئے ، تحریک انصاف کو ترمیم اگر پسند نہیں تو اسمبلی میں آواز اٹھائیں۔ گنڈا پورکو گولی چلانے والی بات نہیں کرنی چاہیے ۔بانی پی ٹی آئی کے رویے کی وجہ سے سزا پورا پاکستان بھگت رہا ہے۔