بجلی پیداوار ، خرید کیلئے انڈیپنڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ کی منظوری
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے انڈیپنڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دے دی جس کے تحت بجلی صارفین صرف حکومت سے نہیں، پرائیویٹ آپریٹرز سے بھی بجلی خرید سکیں گے۔
اس ادارے کے ذریعے پاکستان میں بجلی کی موثر اور شفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی،اس ادارے سے کم لاگت بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس بدھ کو ہواجس میں ملک کے توانائی شعبے کی اصلاحات کیلئے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بجلی کی پیداوار اور خرید کیلئے ایک انڈیپنڈنٹ ملٹی پلیئر مارکیٹ بنانے کی منظوری دے دی۔اجلاس میں کابینہ کمیٹی نے انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر (آئی ایس ایم او)کی تشکیل کی اصولی منظوری دے دی جس کی کابینہ سے توثیق کی جائے گی،آئی ایس ایم او کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت ایس ای سی پی سے رجسٹر کیا جائے گا۔آئی ایس ایم او حکومت کے ملک میں بجلی کے واحد خریدار کے کردار کو بتدریج ختم کرکے بجلی کی مارکیٹ کو ملٹی پلیئر انڈیپنڈنٹ مارکیٹ میں تبدیل کر دے گا۔
اس ادارے کے ذریعے پاکستان میں بجلی کی ایک موثر اور شفاف مسابقتی مارکیٹ قائم کی جائے گی۔اس نظام سے بجلی کے صارفین کو تقسیم کار کمپنیوں کے علاوہ دیگر سپلائرز سے بجلی خریدنے کی سہولت فراہم ہو سکے گی۔ اس ادارے سے کم سے کم لاگت کی بجلی کی پیداوار اور ترسیل کے نظام کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کی جا سکے گی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئی ایس ایم او کے قیام سے بجلی کے شعبے میں گردشی قرضے اور بجلی کے نرخوں میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔آئی ایس ایم او کے بورڈ میں بجلی کے شعبے کے ماہرین کی شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔ اس فیصلے کی وفاقی کابینہ سے توثیق لی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا بجلی شعبے کی اصلاحات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نے ہدایت کی بجلی شعبے میں چوری اور نقصانات کو کم کرنے کیلئے اقدامات تیز اور موثر بنائے جائیں،بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے ،بجلی شعبے کی اصلاحات اور چوری کے سدباب کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے ، ملکی سلامتی کے لئے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا، لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت نے وطن سے وفا کے اپنے عہد کی پاسداری کرتے ہوئے اپنا آج ، ہمارے کل پر قربان کیا، قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے ۔ بدھ کو وزیراعظم نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید کے فیصل آباد میں آبائی گھر جاکر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات عطا اﷲ تارڑ، مشیر رانا ثنا اﷲ ، سینیٹر طلال چودھری بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔ شہباز شریف نے کہا پاک فوج کے شہدا مجھ سمیت پوری قوم کا فخر اورہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔قوم اپنے شہدااور ان کے اہل خانہ کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔ شہباز شریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و ریاستی و سرحدی امور انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی ۔ جس میں ان کی وزارتوں سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔ملاقات میں ملکی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔