لوئر مال: 11سالہ بچے سے گولی چل گئی،ماں جاں بحق
لاہور (سپیشل کرائم رپورٹر)لوئر مال کے علاقے میں 11 سالہ بچے سے غلطی سے گولی چلنے پر ماں کا قتل ہوگیا، پولیس نے بچے کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ذوالقرنین گھر میں پستول سے کھیل رہا تھا جس سے گولی چل گئی۔ سینے پر گولی لگنے سے 33 سالہ ماں عاصمہ شدید زخمی ہوگئی جوہسپتال منتقل کرنے پر جانبر نہ ہو سکی ۔پولیس نے عاصمہ کے شوہر خرم جہانگیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی سٹی کو واقعہ کی تفتیش خود مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ بچے سے شفاف تفتیش یقینی بنائی جائے گی ۔