آئینی ترمیم کے حوالے سے اتفاق رائے نا گزیر ،پنجاب بار
لاہور ( نیوز ایجنسیاں ) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری بابر وحید نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے حوالے سے اتفاق رائے نا گزیر ہے اور اس کیلئے حکومت کو بڑے دل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ایوان عدل کی عمارت پر آنسو گیس کی شیلنگ کرنے پر محض دو کانسٹیبلوں کو معطل کردینا کافی نہیں بلکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرائی جائیں اور اس اقدام کا حکم دینے والے پولیس افسران کو کٹہرے میں لایا جائے ، ایوان عدل کی عمارت پر حملہ انصاف پر حملہ ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بابر وحید نے کہا کہ وکلا قیادت نے ہمیشہ ملک و قوم کے بہترین مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے رہنمائی کی ہے اور اب بھی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وکلا نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے کیونکہ ہم آئین و قانون کی بالا دستی پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں ، اگر وکلا پر تشدد اور غیر قانونی گرفتاریوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو اس کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔