کل کا احتجاج صرف بانی پی ٹی آئی کیلئے ہوگا:عمیر نیازی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)رہنما تحریک انصاف عمیرخان نیازی نے کہا ہے کہ 15 اکتوبر والا احتجاج صرف بانی پی ٹی آئی کے لیے ہوگا۔ دنیا نیوزکے پروگرام‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’میں گفتگو کرتے ہوئے عمیرخان نیازی کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جارہی ۔
ورکرز کو بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق خدشات ہیں، اعظم سواتی کی ملاقات تو حکومت نے صبح کرا دی تھی۔ایس سی او کانفرنس کے حوالے سے سوال پر اپنے جواب میں عمیرخان نیازی کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا شنگھائی کانفرنس کوسبوتاژ کرنا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جب معاملات سلجھانے ہوں توحکومت خود پشاورپہنچ جاتی ہے ۔عمیرخان نیازی کا کہنا تھا کہ ترمیم یہ خود نہیں لا رہے ان کودی گئی، ان کوالیکشن جتوانے والے ترمیم لا رہے ہیں ،انہیں پتہ ہے الیکشن کا آڈٹ ہوا توان کی چوری کا پتہ چل جائے گا، یہ اپنی مرضی کی آئینی عدالت بنانا چاہتے ہیں۔رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ یہ ترمیم لاکرعدلیہ پرحملہ کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی آئینی عدالت کے حوالے سے حکومت کا ساتھ نہیں دے گی۔ رہنما ن لیگ افنان اللہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے جیل مینوئل کے مطابق ہی ملاقات ہوگی۔عدالتی حکم پر18اکتوبرکوملاقات ہو جائے گی، تحریک انصاف کوملاقات کی اتنی جلدی کیوں ہے ،ان کا مقصد ملاقات کی آڑ میں انتشار پھیلانا ہے ۔مجھے یقین ہے بانی پی ٹی آئی انتشارکی ہی کال دیں گے ، ان کوباہر سے ڈکٹیشن دی گئی ہے کہ شنگھائی کانفرنس کامیاب نہ ہو۔افنان اللہ خان کا کہنا تھا کہ ہم انہیں ایس آئی سی کانفرنس کے دوران ملاقات کی اجازت نہیں دیں گے اور ہم احتجاج کی اجازت بھی نہیں دیں گے ۔