ایس سی او اجلاس پر سخت سکیورٹی غیرقانونی اجتماع پر پابندی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا آج اور کل ہونے والے اجلاس کے موقع پر اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کو وفاقی دارالحکومت میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔۔۔
وزارت داخلہ نے چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد کو مراسلہ لکھ دیا،وزارت داخلہ نے کہا اسلام آباد کی حدود میں کسی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے ، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر کوئی احتجاج یا لاک ڈائون نہیں ہو سکتا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج یا لاک ڈائون سے روکنے کے احکامات جاری کیے ، ضلعی انتظامیہ فول پروف سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے ۔واضح رہے کہ کانفرنس کے دوران جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی جبکہ راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک لاہور اور پشاور سے آنے والے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ،اس کے علاوہ حکومت نے اسلام آباد میں 3 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ، سکول اور کاروبار بند ہیں، اور پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات ہے ۔