ہائیکورٹ کے حکم پر عارف علوی کا کلینک کھول دیاگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے ڈینٹل کلینک کوعارضی طورپر کھول دیاگیا۔ ناظر ہائیکورٹ نے ڈی سیل کرنے کے بارے میں عدالت عالیہ کوآگاہ کردیا۔
سابق صدر کے وکیل انور منصور خان نے موقف اختیار کیاکہ حکام نے کلینک سیل کیا جو غیر قانونی عمل ہے ۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے وکیل نے بھی عدالت میں موقف اختیار کیاکہ عارضی طور پر کلینک ڈی سیل کردیا گیا ہے ، جس کا مقصد یہ تھا کہ ضرورت کے کام کئے جا سکیں۔ ایس بی سی اے کے وکیل کاموقف تھاکہ جب ناظر اور دیگر لوگ موجود اور کلینک ڈی سیل کررہے تھے تو یہ لوگ وہاں نہیں آئے ۔ درخواست گزار کے وکیل کاموقف تھاکہ کلینک کو ڈی سیل کرنے کا مقصد اہم مریضوں کی فائلز کو باہر نکالنا تھا۔ عدالت عالیہ نے فریقین کو ہدایت کی کہ اپنے کمنٹس فائل کردیں، وقت کی کمی ہے ، آئندہ سماعت کے موقع پر وکلاکو تفصیل سے سنیں گے ۔عدالت نے درخواست کی سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی۔