عالم اسلام کو قرآن وسنت کی بنیاد پر اکٹھا ہونا ہوگا ، ذاکر نائیک
لاہور( نیوز ایجنسیاں )مسلم لیگ (ن)کے صدر نوازشریف سے ممتاز عالم دین ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ملاقات کی۔ملاقات میں نوازشریف نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی دینی خدمات کو سراہا۔
ملاقات کے دوران عالمی حالات خاص طور پر اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم اور جبر و تشدد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ امت مسلمہ کے مسائل کے حل کا واحدحل اتفاق اور اتحادہے ۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس امر پر زور دیا ہے کہ عالم اسلام کو قرآن وسنت کی بنیاد پر اکٹھا ہونا ہوگا قرآن ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے اور اس پر اکٹھے ہوکر امت مسلمہ اپنے کھوئی ہوئی عظمت کو بحال کر سکتی ہے ۔قبل ازیں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جامعہ اشرفیہ کا دورہ کیا۔جامعہ اشرفیہ کا دورہ کے دوران مسجد حسن جامعہ اشرفیہ میں خصوصی خطاب کے دوران مذہبی سکالرڈاکٹرعبدالکریم ذاکر نائیک نے کہا کہ مسلمانوں کی تعداد بڑھی ہے مگر ہرکوئی ہمیں فٹبال کی طرح لات مارتا ہے ۔جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر کی خصوصی دعوت پر ذاکر نائیک کی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سیکر ٹریٹ قرآن و سنہ اسلامک سنٹر یو ای ٹی سوسائٹی لاہور آمد ہوئی۔جمعیت اہلحدیث کے سینکڑوں علمائے کرام، کارکنوں نے معزز مہمانان گرامی کا پر تپاک استقبال کیا۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ 57 مسلم ممالک اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں تو دنیا کی کوئی طاقت ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان کے تین صوبوں میں ذاکر نائیک یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ یہ یونیورسٹیاں کے پی کے ،بلوچستان اور سندھ میں قائم کی جائیں گی۔