ایس سی او کانفرنس میں غزہ پر بھی بات ہونی چاہیے :حافظ نعیم
فیصل آباد (دنیا نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون کانفرنس پاکستان کیلئے اہم ہے اس میں غزہ معاملے پر بھی بات ہونی چاہیے ۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ صرف بھارت ہوگا جو غزہ کی بات نہیں کرے گا اور دنیا میں آئسولیٹ ہوگا،پاکستان میں شنگھائی کانفرنس ہونامعیشت کیلئے اچھا شگون ہے ۔حق دو تحریک کے حوالے سے انہوں نے کہا حکومت نے ہمارے مطالبات ماننے کیلئے 45 روز کا وقت لیا ، ہمارے دباؤ پر ہی حکومت نے 14 روپے فی یونٹ بجلی سستی کی، حکومت نے کہا تھا کہ ہماری آئی پی پیز سے بات چل رہی ہے ، 5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہو گئے ، 18 سے بات چیت چل رہی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں حکومتی وعدوں پر پیشرفت تیز ہو، نہیں چاہتے کہ ہر وقت ملک میں لڑائی جھگڑا ہو، آئینی ترمیم کے معاملے پر ہمارا مؤقف واضح ہے ، نئے چیف جسٹس کے آنے پر آئینی ترمیم پر بات ہونی چاہیے ۔ آئینی ترمیم جس بھی نوعیت کی ہو فائدہ حکومت کا ہونا ہے ، شق وار مطالعہ کیوں ہو رہا ہے اسے مکمل مستردکردینا چاہیے ، اس میں جو بھی شامل ہو رہا ہے وہ کھیل کا حصہ بن رہا ہے ، ہر سیاسی اور پرامن جماعت کو جلسے اور احتجاج کی اجازت ہونی چاہیے ، ہم اس کو اپنا آئینی حق سمجھتے ہیں۔